سڑکیں بھی انتہائی خستہ ، عوام کی حالت زار پر حکومت خاموش کیوں : وائی نروتم
ظہیرآباد۔29 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سابق چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ شیڈولڈ کاسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن وائی نروتم نے بتایا کہ ظہیر آباد ٹاؤن میں ریلوے اوور برج مکمل نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اس اوور برج کی تفصیلات جاننے کے بعد ظہیرآباد کے عوام کو ٹرینوں کی آمد و رفت میں ہورہی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے تعمیر کا کام شروع کردیا تھا۔ ریلوے اوور برج کی تعمیر 3 سال میں مکمل کرنے کا معاہدہ کر کے 2019 میں 90 کروڑ کے تخمینے کے منجملہ 39 کروڑ روپئے خرچ کئے جانے کے باوجود کنٹراکٹر نے اوور برج کو نامکمل کئے بغیر ہی چھوڑ دیا جب کہ سرویس روڈ انتہائی خراب حالت میں ہے۔ مختلف گاڑیوں کو اس سڑک پر سفر کرنے میں طرح طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اگر بارش ہو جائے تو اس سڑک کی حالت اور بھی انتہائی خستہ ہو جاتی ہے اور مسافر سفر کرنے کے قابل نہیں رہتے۔ سرویس روڈ سے اتنی لاپرواہی کیوں ہے۔ ماضی میں کہا گیا تھا کہ اسے آر اینڈ بی حکام سے رابطہ کر کے مکمل کیا جائے گا لیکن ہنوز اس پر عمل نہیں ہوسکا ۔ اس اوور برج کی تعمیراتی لاگت کا تخمینہ اگرچہ 90 کروڑ ہے جس کے منجملہ صرف 39 کروڑ خرچ کئے گئے ہیں جب کہ باقی 51 کروڑ روپئے کی اجرائی عمل میں لائی جانی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ کنٹراکٹر نے بروقت تعمیری کام مکمل نہیں کیا جب کہ کانگریس کی حکومت کو آئے تقریباً ایک سال کا عرصہ ہو گیا۔ اس کے باوجود اس نے عوام کی حالت زار پر کیوں معنی خیز خاموشی اختیار کی ہے ۔ اوور برج کی تکمیل میں تاخیر کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور اوور برج کو فوری مکمل کرتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔