گنے کسانوں کو بھی گھبرانے کی ضرورت نہیں، بتکماں ساڑیوں کی تقسیم ، بی بی پاٹل کا خطاب
کوہیر: گنے کے کسانوں کو ڈرنے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ کانگریس اور تلگودیشم پارٹی کے دوراقتدار میں جو غلطی کی گئی تھی اس کی سزا آج یہاں کے گنے کسانوں کو مل رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار بی بی پاٹل رکن پارلیمنٹ حلقہ ظہیرآباد نے کوہیر منڈل کے موضع مدری میں بتکماں ساڑیاں تقسیم کے پروگرام میں ایک جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ ریاست کے تمام شوگر کمپنیوں سے بات کر کے ظہیرآباد کے گنے خریدنے کیلئے راضی کرلیا ہے ۔ ظہیرآباد میں گنے کے کاشت کاروں کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ ظہیرآباد میں بہت جلد بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا کیونکہ یہاں پر نیشنل انویسٹ مینوفیکچرنگ زون ’’ نمز ‘‘ کا قیام عمل میں آرہا ہے جہاں پر ہزارہا لوگ روزگار سے مربوط ہوں گے ۔ اس کے علاوہ سنگیشورا لفٹ اریگیشن کے قیام کے کاموں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ یہاں کے کسانوں کیلئے 1.5 لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جائے گا ۔ رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گیتا ریڈی کو ظہیرآباد کے گنا کسانوں کے تعلق سے بات کرنے کا اخلاقی حق حاصل نہیں ہے کیونکہ وہ خود ریاست میں بھاری صنعت کی وزیر تھیں لیکن ظہیرآباد کسانوں کیلئے کچھ نہیں کیا ۔ اب مگرمچھ کے آنسو بہاکر کسانوں کو گمراہ کررہی ہے ۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی دال گلنے والی نہیں ہے ۔اس موقع پر موضع مدری کے سرپنچ رمیش نے گاؤں میں سائیڈرین سی سی سڑکیں ، سرویز روڈ کا مطالبہ کیا ۔ کے نرسملو صدر ٹی آر ایس پارٹی کوہیر منڈل نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر ایم شیوا کمار ڈی سی ایم ایس چیرمین ، اوما کانت پاٹل ، سی ڈی سی چیرمین سید محی الدین صدر ٹی آر ایس پارٹی ظہیرآباد ٹاؤن ، صالح بن قاسم ، محمد افتخار احمد صدر ٹی آر ایس پارٹی کوہیر ٹاؤن ، سبھاش ریڈی ، گووردھن ریڈی ، سید معز الدین سابق صدر ٹی آر ایس پارٹی کوہیر منڈل ، محمد ریاض الدین ڈپٹی دگوال ، محمد مدثر ، محمد شاہد مسعود ، محمد سلیم الدین ، محمد عظمت علی سابق ایم پی ٹی سی ، شیخ جاوید ٹی آر ایس قائد کوہیر ٹاؤن کے علاوہ کوہیر منڈل کے سرپنچوں اور اراکین منڈل پرجا پریشد وغیرہ موجود تھے ۔