سی پی آئی ظہیرآبادکا ایک روزہ بھوک ہڑتال میں حکومت سے مطالبہ
ظہیرآباد ۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا سی پی آئی نے ظہیرآباد میں بلدی انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج صبح 10 بجے تا شام 5 بجے ریلوے اسٹیشن روڈ ، ظہیرآباد بلدی دفتر کے سامنے دو روزہ پرامن بھوک ہڑتال کا آغاز کیا جو کل بھی جاری رہے گی ۔ سید جلال الدین ڈسٹرکٹ سکریٹری سی پی آئی ایم ضلع سنگاریڈی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظہیرآباد میونسپل کونسل میں گذشتہ تین سالوں سے عدالتی مقدمہ کا بہانہ بناکر بلدی انتخابات نہیں کروائے جارہے ہیں ۔ قبل ازیں 24 وارڈس تھے لیکن حکومت نے پستاپور ، رنجہول حیدرآباد ، ہوتی کو ملاکر بلدیہ کو سعت دی ۔ لیکن ہوتی کے چند لوگوں نے بلدیہ میں اس گاؤں کو ضم کرنے کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکٹایا ۔ جن مواضعات کو بلدیہ میں ضم کیا گیا ان سے باقاعدہ ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔ لیکن ترقی بالکل ٹھپ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جس وارڈ کیلئے عدالت میں مقدمہ درج ہے اس وارڈ کو چھوڑکر باقی ماندہ وارڈز میں الیکشن کرائے جائیں ۔ ظہیرآباد میونسپلٹی میں ضم ہونے والے دیہات کی ترقی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا ہے اور مسائل کو فوری طور پر حل کرنے میں دقت ہو رہی ہے ۔ ظہیرآباد بلدیہ کے سابق وارڈز بھی ترقی میں پیچھے ہیں ۔ ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جانا چاہئے ۔ عوام اپنے مسائل پیش کرنے کیلئے بے بس ہیں ۔ وہ اپنے مسائل کو لے کر کہاں جائیں ۔ لہذا بلدیہ کے انتخابات فی الفور کرائے جائیں اور وارڈز کے مسائل فوری حل کئے جائیں ۔ سی پی آئی قائد نے یہ بھی کہا کہ وارڈز میں مچھروں کی بہتات ہونے سے عوام ڈینگو اور ملیریا میں مبتلا ہوکر ہسپتالوں میں بھرتی ہو رہے ہیں ۔ وارڈز میں روزآنہ مچھر کش اسپرے کیا جائے ۔ ظہیرآباد میونسپل کا بجٹ کہاں جارہا ہے ۔ اس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اس لئے بھی فوری بلدیاتی انتخابات لازمی ہیں ۔ بھوک ہڑتال کے ذریعہ یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ ظہیرآباد ٹاون میں گندے گٹر اور سی سی سڑکیں، بجلی کے کھمبے ، بجلی کی لائٹس کو فوری درست کیا جائے۔ سید جلال الدین نے انتباہ دیا کہ اگر فوری بلدی انتخابات نہ کروائے گئے تو احتجاج میں مزید شدت پیدا کی جائے گی ۔ اس بھوک ہڑتال میں نرسمہلو سی پی آئی ڈیویژن سکریٹری ، محمد اظہرالدین ، جھرسنگم ، سید معین الدین ، تنظیم احمد ، اشفاق حسین ، تاج ا لدین ، اے شنکر ، نرسملو ، محمد خواجہ ، محمد توفیق ، راملو نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئیر قائد وائی نورتم نے ہڑتال کیمپ پہونچ کر خیر سگالی ملاقات کی ۔
