ظہیرآباد میں بی آر ایس کا اظہار تشکر پروگرام

   

ظہیرآباد 13/ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حالیہ اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی ظہیرآباد سے بی آر ایس امیدوار کونینٹی مانک راؤ کو بھاری اکثریت سے منتخب کر نے پر بھارت راشٹرا سمیتی کے زیر اہتمام پی وی آر فنکشن ہال میں اظہارِ تشکر پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ وصحت ٹی ہریش راؤ نے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے ان باشعور رائے دہندوں ، پارٹی لیڈروں و سرگرم کارکنوں اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے گزشتہ 45 دنوں سے بی آر ایس امیدوار کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے رات اور دن کام کیا ۔ رکن اسمبلی ظہیرآباد کونینٹی مانک راؤ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے ان رائے دہندوں کے ممنون و مشکور ہیں جنہوں نے ان کے حق میں رائے دہی کرکے انہیں ریاستی اسمبلی میں نمائندگی کرنے کا حق عطا کیا ہے ۔ اس موقع پر صدرنشین ضلع پرجا پریشد منجو شری جئے پال ریڈی ، رکن اسمبلی سنگاریڈی چنتا پربھاکر ، ڈی سی ایم ایس چیرمین ملکاپور شیوکمار ، سابق چیرمین ریاستی صنعتی ترقیاتی کارپوریشن محمد تنویرالدین سابق چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ شیڈولڈ کاسٹس کوآپریٹیو ڈیولپمنٹ کارپوریشن وائی نروتم ، سابق صدر ظہیرآباد منڈل پریشد جی وجئے کمار اور دیگر کے بشمول اراکین ضلع پریشد ، اراکین منڈل پریشد ، سابق اراکین بلدیہ ، منڈل پارٹی صدور ، سرپنچس ، سرگرم کاکنان اور مواضعات کے پارٹی صدور نے بھی اپنی شرکت درج کرائی ۔