ظہیرآباد میں ریلوے فلائی اوور کی منظوری کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

اعلیٰ عہدیداروں کے اجلاس سے رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل کا خطاب
ظہیرآباد : رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد بی بی پاٹل نے ریل نیلائم سکندرآباد میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ارکان لوک سبھا و راجیہ سبھا کے علاوہ ریلوے کے اعلیٰ عہدیداروں کے طلب کردہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کے پارلیمانی حلقہ ظہیرآباد میں زیرالتواء فلائی اوورز، فٹ اوورز اور انڈر بریجس کے تعمیری کاموں کو جلد منظوری دینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے ہائی اسپیڈ بلٹ ٹرین کو ظہیرآباد ریلوے اسٹیشن پر توقف کی اجازت دینے اور اس کے پس پردہ صنعتیں و تجارتی محرکات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ظہیرآباد ملک کی تیزی سے ترقی کرنے والے علاقوں میں سے ایک ہے اور یہاں پر مہیندرا اینڈ مہیندرا ، پیرامل فارما سیوٹیکل اور راکول ایم ٹی جیسی بڑی کمپنیاں موجود ہیں اور یہ کہا کہ یہاں پر بہت جلد 12 ہزار ایکڑ اراضی پر ملک کی بڑی نمز انڈسٹری قائم ہونے والی ہے ۔ اس لئے ظہیرآباد ریلوے اسٹیشن پر ہائی اسپیڈ بلٹ ٹرین کو توقف کرنے کی اجازت دینا ضروری ہے ۔ انہوں نے بیدر ، مچھلی پٹنم سوپر فاسٹ ایکسپریس کا نام ’’کیتکی سنگمیشورا سوپر فاسٹ ایکسپریس‘‘ رکھنے کی خواہش کی ۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے کوہیر ریلوے اسٹیشن پر نئی عمارت تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی ۔ قبل ازیں جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے گجانند مالیہ نے رکن پارلیمنٹ کا استقبال کیا اور ان کے مطالبات پر مثبت ردعمل کا اظہار بھی کیا ۔ اجلاس میں تلنگانہ کے ارکان لوک سبھا و راجیہ سبھا کے علاوہ ریلوے اور ریلوے پروٹیکشن فورس کے اعلیٰ عہدیدار شریک تھے ۔