گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ، ٹریفک بے قاعدگی سے عوام کو مشکلات
ظہیر آباد۔ 9 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ٹی پی سی سی رکن وائی نروتم نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہر ظہیرآباد میں ایک علیحدہ ٹریفک پولیس اسٹیشن کے قیام کا پر زور مطالبہ کیا ہے اور اس ضمن میں یاد دلایا کہ مجلس بلدیہ ظہیرآباد میں آس پاس کے مواضعات شامل کئے جانے کے باعث بلدیہ کا دائرہ کار بڑھ گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے آبادی میں نہ صرف اضافہ ہوا ہے بلکہ موٹر گاڑیوں کی تعداد میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے اور یہ کہ شہر کی سڑکیں باقاعدہ نہیں ہیں ۔ تجارتی مرکز ہونے کی وجہ سے مرکزی اہمیت کا حامل شہر بن گیا ہے ۔ ملحقہ ریاست کرناٹک کے قرب و جوار کے مواضعات کے لوگوں کا بھی بڑی تعداد میں آنا جانا رہتا ہے ۔ ریونیو ڈویژن ہونے کی وجہ سے نہ صرف آر ڈی او آفس سے بلکہ ڈی ایس پی آفس سے بھی عوام کو ہر روز کام پڑتا ہے ۔ تہواروں ، شادیوں اور دیگر تقاریب کے موقعوں پر کپڑے اور سامان کی خریداری کے لئے بھی دیہی عوام شہر ظہیرآباد آتے رہتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو اپنی ہر ضرورت کو پورا کرنے کے لئے شہر ظہیرآباد کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔ ان حالات میں ہر روز ٹریفک بڑھنے سے عوام اور ڈرائیورز دونوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اتنے سارے مسائل سے دوچار شہر ظہیرآباد میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں پولیس بری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ اس ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے ایک خصوصی محکمہ کے قیام کی شدید ضرورت ہے ۔ اس خصوص میں ریاستی حکومت سے متعدد بار مطالبہ کرنے کے باوجود حکومت نے تاحال قائم نہیں کیا ہے۔ ریاستی حکومت سے پھر ایک بار مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اس جانب فوری مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شہر ظہیرآباد میں ٹریفک پولیس اسٹیشن قائم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے ۔