ظہیرآباد میں ٹی آر ایس کے تائیدی امیدواروں کی شاندار کامیابی

   

ظہیرآباد یکم / فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے گرام پنچایت انتخابات میں حکمران جماعت ٹی آر ایس کے تائیدی امیدواروں نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے ۔ جنہوں نے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے پانچ منڈلوں کے 138 کے منجملہ 106 گرام پنچایتوں پر گلابی پرچم لہرا دئے ہیں جبکہ اپوزیشن جماعت کانگریس 32 گرام پنچایتوں تک محدود ہوکر رہ گئی ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ دیہی علاقوں میں کانگریس کی گرفت کمزور پڑ گئی ہے ۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی ظہیرآباد سے ٹی آرا یس امیدوار کی ریکارڈ اکثریت سے کامیابی سے گرام پنچایت انتخابات میں ٹی آرا یس کے تائیدی امیدواروں کی شاندار کامیابی کے امکانات روشن ہوگئے تھے ۔ جس کا واضح ثبوت انتخابی نتائج سے ملتا ہے ۔ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں شامل پانچ منڈلوں ظہیرآباد ، مگڑم پلی ، کوہیر ، جھرہ سنگم اور نیالکل سے منتخب جملہ 138 سرپنچوں میں 10 مسلم سرپنچ بھی شامل ہیں ۔ جن میں 5 کا تعلق نیالکل منڈل سے 2 کا تعلق سے مگڑم پلی منڈل سے جبکہ بقیہ ایک ایک کا تعلق ظہیرآباد ، کوہیر اور جھرہ سنگم منڈلوں سے ہے ۔