ظہیرآباد میں کارنر میٹنگ سے کے مانک راؤ کا خطاب

   

ظہیرآباد ۔14 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مقامی رکن اسمبلی و حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے بی آر ایس امیدوار کونینٹی مانک راؤ نے آج پارٹی رفقاء محمد تنویرالدین صدرنشین ریاستی صنعتی ترقیاتی کارپوریشن ، ارونا وجئے موہن ریڈی رکن ضلع پریشد ، سرینواس ریڈی صدر بی آر ایس مگڑم پلی منڈل ، شیخ فرید رکن ساوتھ سنٹرل ریلوے صارفین مشاورتی کمیٹی ، شنکر نارکن ٹیلی کام بورڈ ، سنجیو ریڈی سابق ظہیر آباد سوسائٹی چیرمین ، جی وجئے کمار سابق صدر ظہیرآباد منڈل پریشد اور دیگر قائدین کے ہمراہ موضع دھناسری میں انتخابی مہم چلائی اور مکینوں سے شخصی طور پر ملاقات کا سلسلہ ختم کرنے کے بعد کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی زیر قیادت بی آر ایس حکومت نے اختراعی اسکیمات کے ذریعہ تمام طبقات کی یکساں ترقی کیلئے ایسے اقدامات کئے ہیں جن کی مثالیں ملک کی کسی دوسری ریاستوں میں نہیں ملتیں ۔ انہوں نے جاریہ ماہ کی 30 تاریخ کو منعقد ہونے والی رائے دہی میں کثیر تعداد میں شریک ہوکر بی آر ایس کے انتخابی نشان ’’ کار ‘‘ کے بٹن کو دبانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کی عوامی مقبولیت سے خائف ہوکر بی جے پی اور کانگریس جھوٹے الزامات کا سہارا لے کر حکومت کے خلاف گمراہ کن مہم چلا رہے ہیں ان پر کان دھرنے کی ضرورت ہی نہیں ہے۔ اس موقع پر دیہی عوام کی کثیر تعداد نے اپنی شرکت درج کرائی۔ قبل ازیں دیہی عوام نے بی آر ایس قائدین کو زبردست باجہ نوازی کے ذریعہ موضع میں لے کر آئی۔

ظہیرآباد سے دو امیدواروں کے پرچہ نامزدگیاں مسترد
ظہیرآباد۔14 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے انتخابات کے ریٹرننگ آفیسر و آر ڈی او وینکا ریڈی نے اپنے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا کہ 3 نومبر تا 10 نومبر 30 امیدواروں کی جانب سے داخل کی گئی کاغذات نامزدگیوں کی آج جانچ پڑتال کی گئی جن میں دو امیدواروں آگما پرمیلا اور بیگاری سدنا کی کاغذات نامزدگیاں مسترد کردی گئیں جب کہ بقیہ 28 امیدواروں کی کاغذات نامزدگیاں درست پائی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ 15/نومبر کو نام واپس لینے کی آخری تاریخ مقرر ہے جس کے بعد انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حقیقی تعداد معلوم ہوجائیگی ۔