ظہیرآباد میں کورونا مریض300 مکانات کنٹینمنٹ زون میں تبدیل

   

ظہیرآباد ۔12جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میونسپلٹی ظہیرآباد کے بلدی حلقہ نمبر 8شانتی نگر میں ایک خاتون کے کورونا وائرس کے سبب فوت ہوجانے کی اطلاع پر میونسپل کمشنر نے اس حلقہ کو ریڈ زون قرار دیتے ہوئے اس کی ناکہ بندی کروادی ہے جبکہ متوفیہ کے رابطے میں رہنے والے 25 رشتہ داروں کو مرزا پور کورنٹائن سنٹر کو منتقل کردیا ہے ۔ بعد ازاں ریڈزون میں شامل تمام علاقہ میں میونسپل کمشنر نے بہتر صفائی کے انتظامات کرنے اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کرنے کے اقدامات کئے جب کہ متوفیہ کے مکان کے گرد و نواح کے 300 مکانات کے علاقہ کو کنٹینمنٹ زون میں تبدیل کرتے ہوئے سخت چوکسی برقرار رکھنے کی بھی ہدایات کی ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اسی آئی ظہیرآباد ٹاؤن وینکٹیش اور ڈاکٹر جناردھن نے متوفیہ خاتون کی ان کی موت تک ان سے ملنے والوں کی تفصیلات اکٹھا کرلی تھیں ۔ ریڈزون کے تمام مکینوں کو چوکسی برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے ممنوعہ زون سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔