ظہیراباد9/ اپریل( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ڈی ایس پی ظہیراباد رام موہن ریڈی نے حلقہ اسمبلی ظہیراباد کے چراغ پلی پولیس اسٹیشن میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 6 اپریل کو 6.45 بجے شام پیش آئی محمد عباس علی کی قتل کی واردات میں ملوث ملزمین مہتاب بستی اور خلیل شاہ ساکنان موضع دھناسری مگڑم پلی منڈل کو گرفتار کرلیا ہے – تفصیلات کے بموجب دھناسری گاؤں کے ہی 25 سالہ آٹو ڈرائیور محمد عباس علی نے خلیل شاہ پر الزام لگایا تھاکہ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے ملزم خلیل شاہ کی والدہ سے بد کلامی کرتے ہوئے پریشان کرتا رہا ہے- اس نے مقتول محمد عباس علی کو کئی بار اس بارے میں بتایا اور کہا کہ وہ اپنا رویہ ترک کردے لیکن وہ اپنی حرکت سے باز نہ آیا۔بعد ازاں گزشتہ 6 اپریل کو جب ملزم خلیل شاہ کو معلوم ہوا کہ مقتول محمد عباس علی ایک فارم ہاؤس میں ہے تو ملزمین خلیل شاہ اور محمد بستی موٹر سائیکل لے کر آئے اور محمد عباس علی پر اندھا دھندحملہ کر کے اسکا قتل کر دیا ۔ بیچ بچاؤ میں آنے والے شیخ اکبر علی کے منہ پر بیر کی بوتل مار کر زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ ظہیراباد پولیس نے اس قتل میں شامل دو ملزمین کوحراست میں لے لیا ہے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ظہیراباد کے رام موہن ریڈی، سی آئی ظہیرآباد ٹاؤن شیولنگم ، ایس آئی چراغ پلی کے راجندر ریڈی، نرسملو ہیڈ کانسٹیبل، اوم دیو پی سی، سری آنند بھی شامل تھے۔