علاقہ میں سنسنی،ربط میں آنے والے دیگر افراد کی تلاش
حیدرآباد۔/13 جون، ( سیاست نیوز) سنگاریڈی ضلع کے ظہیرآباد میں ایک ہی خاندان کے 19 افراد میں کورونا علامات نے علاقہ میں سنسنی دوڑادی ہے۔ بلدی و صحت کے حکام کی بروقت چوکسی کے نتیجہ میں ایک خاندان کو آئسولیشن سنٹر منتقل کردیا گیا جہاں ان کے ٹسٹ میں کورونا پازیٹیو پتہ چلا ہے۔ اس خاندان کی ایک خاتون کی موت کے بعد دیگر افراد خاندان میں کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ظہیرآباد کی ساکن ایک 55 سالہ خاتون 9 جون کو حیدرآباد کے ایک ہاسپٹل میں علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ اسی روز رات میں ظہیرآباد میں تدفین عمل میں آئی۔ علاج کے دوران کورونا پازیٹیو کی کوئی علامات نہیں تھی تاہم تدفین کے دوسرے دن پتہ چلا کہ میت کے ٹسٹ میں کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ حکام نے فوری چوکسی اختیار کرکے افراد خاندان کو مرزا پور میں واقع آئسولیشن سنٹر منتقل کردیا۔ 25 افراد کے نمونے ٹسٹ کیلئے حاصل کئے گئے جن میں سے 19میں کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے۔ ان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ان تمام کو سنگاریڈی کے گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ عہدیداروں کو شبہ ہے کہ خاتون کی تدفین کے موقع پر 40 افراد نے شرکت کی تھی لہذا ان کی شناخت کی جارہی ہے تاکہ ان میں کورونا علامات کا پتہ چلایا جاسکے۔ علاقہ کو حکام نے ریڈ زون قرارد یا ہے۔ ظہیرآباد میں ایک خاندان کے 19 افراد میں کورونا پازیٹیو پایا جانا عوام میں تشویش کا باعث بن چکا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں کیسس منظر عام پر آئے۔ پولیس اور دیگر محکمہ جات نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔