ظہیرآباد۔/8 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ اور رکن قانون ساز کونسل محمد فرید الدین نے کل شام یہاں موسیٰ نگر کالونی میں سی سی روڈ کے تعمیری کام کا اپنے ہاتھوں رسم افتتاح انجام دیا۔ جس کی لاگت 8.5 لاکھ روپئے ہے جو ایم ایل سی فنڈ سے منظور کئے گئے۔ قبل ازیں موسیٰ نگر کالونی کی عوام نے دونوں قائدین کی شال پوشی و گلپوشی کی اور ایم ایل سی فنڈ سے سی سی روڈ کی تعمیر کیلئے8.5 لاکھ روپئے منظور کرنے پر بطور خاص محمد فرید الدین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مقامی عوام نے مسلم اکثریتی موسیٰ نگر کالونی میں دیگر مسائل سے دونوں قائدین کو واقف کرایا اور ان کی یکسوئی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر سید احمد ایڈوکیٹ، محمد اسمعیل زبیر ایڈوکیٹ، ایوب خان، محمد نصیر، محمد خواجہ معین الدین، گورے میاں سکندر، محمد غوث بھائی، محمد برکت علی، محمد شاہد اور دوسرے موجود تھے۔