سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کا بہترین خراج عقیدت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : دین اسلام میں بھوکوں کو کھانا کھلانے اور ننگوں کو کپڑے پہنانے یعنی بھوکوں کے لیے کھانا کا انتظام کرنے اور ضرورت مندوں کے لیے کپڑوں کی فراہمی کو بڑی عبادت قرار دیا گیا ہے ۔ اسی طرح مستحق طلباء وطالبات خاص کر یتیم و یسیر بچوں کے سروں پر شفقت کا ہاتھ رکھنے ان کی ضروریات کا خیال رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ۔ اس کے علاوہ بیواؤں اور بے سہاروں ، پریشان حال انسانوں کی مدد کا بھی حکم دیا گیا ہے ۔ دین اسلام میں ان لوگوں کو خوش نصیب قرار دیا گیا ہے جو خاص طور پر مستحق طلباء وطالبات کی مدد کرتے ہوئے حصول علم میں ان کی مدد کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے مرحوم منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں کی دوسری برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے ملت کی فکر میں ہمیشہ غرق رہنے جیسے اوصاف کے حامل مرحوم ظہیر الدین علی خاں کو بہترین انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پرانا شہر کے کئی اسکولوں میں اسٹیشنری کٹس تقسیم کیے ۔ یہ کٹس نوٹ بکس ، جیومیٹری باکس ، پیاڈ ، پن اور ڈائری پر مشتمل تھی ۔ اس بارے میں جناب افتخار حسین نے مرحوم ظہیر الدین علی خاں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ظہیر صاحب مرحوم ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت میں مصروف رہے ۔ انہوں نے بالخصوص ضرورت مند و مستحق اور ہونہار طلبہ کی مدد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی اور خود کو ہمیشہ غرور و تکبر اور ریاکاری سے دور رکھا اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ظہیر صاحب کو مذکورہ اوصاف سے نواز رکھا تھا ویسے بھی اللہ تعالیٰ چنندہ بندوں سے ہی ایسے نیک کام لیتے ہیں ۔ ہم یہی دعا کرسکتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی نیکیوں کو قبول فرمائے اور جنت الفردوس میں انہیں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ واضح رہے کہ اسکولوں میں مستحق طلبہ میں اسٹیشنری کٹس کی تقسیم کے موقع پر فیض عام ٹرسٹ کے ارکان عملہ بھی موجود تھے ۔ طلبہ نے ظہیر صاحب مرحوم کے لیے مغفرت کی دعا کی ۔۔