ظہیر خان لکھنؤ سوپر جائنٹس کے مشیر مقرر

   

کولکتہ۔ لکھنؤ سوپر جائنٹس آئی پی ایل میگا نیلامی سے قبل ہندوستان کے سابق فاسٹ بولر ظہیر خان کو ٹیم کا سرپرست بنانے جا رہے ہیں۔ 45 سالہ ظہیر دو سال بعد آئی پی ایل میں واپس آئیں گے۔ وہ 2018 اور 2022 کے درمیان پانچ بارکی چمپئن ممبئی انڈینز سے وابستہ رہے۔ ذرائع نے بتایا انہیں ٹیم کا سرپرست بنایا گیا ہے۔ یہ عہدہ گوتم گمبھیر کے جانے کے بعد لکھنؤ ٹیم میں خالی ہے۔گمبھیر نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں شمولیت اختیارکی تھی جس نے 2024 کا آئی پی ایل جیتا تھا۔ اب گمبھیر ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔ ظہیر ممبئی انڈینز میں کرکٹ کے ڈائریکٹر تھے اور بعد میں ٹیم کے سربراہ بن گئے۔ لکھنؤ کی ٹیم کے پاس اس وقت بولنگ کوچ نہیں ہے۔ جنوبی افریقہ کے مورنے مورکل اس ٹیم کے بولنگ کوچ تھے جو اب گمبھیر کے ساتھ ہندوستانی ٹیم کے معاون عملے میں شامل ہیں۔ ظہیر ممبئی انڈینز، رائل چیلنجرز بنگلور اور دہلی ڈیئر ڈیولزکے لیے آئی پی ایل کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے ان ٹیموں کے لیے 100 میچوں میں 102 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے آخری بار2017 میں آئی پی ایل کھیلا تھا جب وہ دہلی ٹیم کے کپتان تھے۔.لکھنؤ ٹیم کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر ہیں جبکہ لانس کلوزنر اور ایڈم ووگس اسسٹنٹ کوچ ہیں۔