کجریوال نئی دہلی سے الیکشن لڑیں گے۔ آتشی کالکا جی سے امیدوار
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے آج دہلی اسمبلی کے آئندہ انتخابات کیلئے 38 امیدواروں کے ناموں کی حتمی فہرست جاری کی۔ دہلی میں فروری میں انتخابات کی امید ہے۔اس فہرست کے مطابق پارٹی سربراہ اروند کجریوال نئی دہلی حلقہ سے الیکشن لڑیں گے اور وزیر اعلیٰ آتشی ایک بار پھر کالکاجی سے الیکشن لڑیں گے۔عام آدمی پارٹی جو مسلسل تیسری بار دہلی میں اقتدار میں آنے کی کوشش کر رہی ہے، نے اپنے سینئر لیڈروں کو اپنے حلقوں سے امیدوار بنا کر کھڑا کیا ہے۔ وزراء سوربھ بھردواج، گوپال رائے، عمران حسین، رگھووندر شوکین اور مکیش کمار اہلوات بالترتیب گریٹر کیلاش، بابر پور، بلی ماران، نانگلوئی جاٹ و سلطان پور ماجرا سے مقابلہ کریں گے۔ عآپ نے 2020 میں دارالحکومت کی سیاست پر غلبہ حاصل کیا تھا، دہلی اسمبلی انتخابات میں 70 میں سے 62 سیٹیں جیتی تھیں۔