عآپ ایم ایل اے کے قافلہ پر فائرنگ ، کارکن ہلاک

   

نئی دہلی ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مغربی دہلی میں نومنتخبہ عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی نریش یادو کے قافلہ پر نامعلوم افراد نے اس وقت فائرنگ کردی جب وہ انتخابات میں اپنی جیت کے بعد مندر کے درشن کرکے مکان واپس ہورہے تھے۔ پولیس اور عام آدمی پارٹی کی ایک سینئر قائدنے بتایا کہ اس فائرنگ میں پارٹی کا ایک کارکن ہلاک ہوگیا۔ منگل کی رات دیر گئے کشن گڑھ گاؤں میں فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعہ کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کیلئے اس نے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہیکہ یہ واقعہ شخصی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ رکن اسمبلی کے قافلہ پر 7 راونڈ فائرنگ کی گئی۔ اس واقعہ میں ایک اور شخص زخمی بھی ہوا ہے جس کو علاج کیلئے دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے۔ مہلوک کارکن کی اشوک کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔