21 ایم ایل ایز سے بات ہوگئی ہے اور فی کس 25 کروڑ روپئے دیئے جائیں گے ، کجریوال کا ٹوئیٹ
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر دہلی حکومت کو گرانے کی سازش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس کیلئے ان کے اراکین اسمبلی سے رابطہ کیا گیا ہے ۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے ہفتہ کو ایکس پر کہا کہ حال ہی میں بی جے پی نے ہمارے دہلی کے سات اراکین اسمبلی سے رابطہ کرکے کہا ہے وہ کچھ دنوں کے بعد کجریوال کو گرفتار کر لیں گے ۔ اس کے بعد ہم ایم ایل اے کو توڑیں گے ۔21 ایم ایل اے سے بات ہوگئی ہے ، ہم دوسروں سے بھی بات کر رہے ہیں۔ اس کے بعد ہم دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت گرادیں گے ۔ آپ بھی آجاؤ 25 کروڑ روپے دیں گے اور بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حالانکہ وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے 21 اراکین اسمبلی سے رابطہ کیا ہے ، لیکن ہماری معلومات کے مطابق انہوں نے اب تک صرف سات ایم ایل ایز سے رابطہ کیا ہے اور تمام نے انکار کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ا س کا مطلب ہے کہ مجھے کسی شراب گھپلہ کی تحقیقات کیلئے گرفتار نہیں کیا جا رہا ہے بلکہ وہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت کو گرانے کی سازش کر رہے ہیں۔ پچھلے نو برسوں میں انہوں نے ہماری حکومت گرانے کی بہت سی سازشیں کیں لیکن انہیں کوئی کامیابی نہیں ملی۔ بھگوان اور عوام نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا۔ ہمارے تمام اراکین اسمبلی بھی مضبوطی سے ساتھ ہیں۔ اس بار بھی یہ لوگ اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے ۔کجریوال نے کہا کہ یہ لوگ جانتے ہیں کہ ہماری حکومت نے دہلی کے لوگوں کیلئے کتنا کام کیا ہے ۔ ان کی طرف سے پیدا کردہ تمام رکاوٹوں کے باوجود ہم نے بہت کچھ حاصل کیا ہے . دہلی کے لوگ عام آدمی پارٹی سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ اس لیے انتخابات میں عآپ کو ہرانا ان کے بس کی بات نہیں ہے ۔ اس لیے وہ جعلی شراب گھپلہ کے بہانے گرفتار کر کے حکومت گرانا چاہتے ہیں۔اس سے پہلے دہلی حکومت کی وزیر آتشی نے پریس کانفرنس کی اور بی جے پی پر حکومت کو غیر مستحکم کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ’’آپریشن لوٹس2.0 ‘‘ نامی مہم کے ذریعے منتخب دہلی حکومت کو گرانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے رشوت اور دھمکیوں کے ساتھ کئی اراکین اسمبلی سے رابطہ کیا ہے ۔ منحرف کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں وہ ہمارے ایم ایل اے سے رابطہ کر رہے ہیں۔