نئی دہلی، 9 جنوری (یو این آئی) دہلی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور ایوان کی وقار شکنی کے الزام میں عام آدمی پارٹی کے سنجیو جھا سمیت چار ارکانِ اسمبلی کو موجودہ اجلاس کی بقیہ نشستوں سے معطل کر دیا گیا ہے ۔اسپیکر وجیندر گپتا نے کہا کہ ایوان کی کارروائی میں مسلسل خلل ڈالنے اور ایوان کی وقار شکنی کے سبب حزبِ اختلاف کے ارکان سوم دت، جرنیل سنگھ، سنجیو جھا اور کلدپ کمار کو اس اجلاس کی بقیہ کارروائی سے معطل کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ایوان کے وقار، نظم و ضبط اور حقوق کے تحفظ کے مقصد سے لیا گیا ہے اور دہلی قانون ساز اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور طرز عمل کے اصولوں کے مطابق کیا گیا ہے ۔ مسٹر گپتا نے ہنگامہ کرنے والے آپ کے اراکین کلدیپ کمار، جرنیل سنگھ اور سنجیو جھا کو مارشل کے ذریعے ایوان سے باہر بھی نکلوا دیا تھا۔قبل ازیں بی جے پی کے رکنِ اسمبلی ستیش اپادھیائے نے مسٹر جھا کے خلاف الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ اے اے پی لیڈر نے اسپیکر پر ایوان کو من مانے طریقے سے چلانے کا الزام لگایا ہے ۔ انہوں نے اسپیکر سے اس معاملے میں کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
