عائشہ آفندی اور سیافت مراکز فروغ مہارت کی محنت رنگ لائی

   

نیو ہائٹس انٹرپرائنرس کے لیے کئی امیدواروں کا انتخاب
نوجوانوں کو بیروزگاری سے بچانے ہنر مند بنانا ضروری : جناب سید افتخار حسین
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : جو کام خلوص نیت سے کیا جاتا ہے اللہ تعالیٰ اس کام کو نہ صرف کامیابی و کامرانی سے ہمکنار کرتے ہیں بلکہ اس کام سے جڑے لوگوں کی زندگیوں میں برکت بھی عطا کرتے ہیں ۔ محنت کرنا ہمارا کام ہے اور کامیابی دینا اللہ تعالیٰ کا کام ہے ۔ خوشی و مسرت کی بات یہ ہے کہ سیاست و فیض عام اسکیل ڈیولپمنٹ سنٹر (SIAFAT) اور عائشہ آفندی کمپیوٹر اسکیل ڈیولپمنٹ سنٹر مسجد خزانہ آب دودھ باولی میں بڑی کامیابی کے ساتھ بیروزگار مرد و خواتین اور طلباء وطالبات کو مختلف کمپیوٹر کورس بشمول ایم ایس آفس، جاوا ، پائتھان ، سی پروگرامنگ ، موبائل ریپرنگ ، ایل ای ڈی ، سی سی ٹی وی کیمرے کی تنصیب وغیرہ کو گذشتہ دیڑھ سال سے مفت تربیت فراہم کررہے ہیں اور اب تک کئی ایک بیاچس کی کامیابی سے تکمیل بھی ہوئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے اس وقت کیا جب نیو ہائٹس انٹرپرائزس عطا پور کی جانب سے مذکورہ سنٹرس کے چند امیدواروں کی بھرتیاں یا placement کیا گیا ۔ واضح رہے کہ New Hieghts انٹرپرائزس اصل میں دوبئی کی ایک کمپنی ہے اور حیدرآباد کے عطا پور میں اس کی برانچ ہے ۔ یہ کمپنی آئی ٹی سلیوشنس اینڈ سیکوریٹی سلیوشنس فراہم کرتی ہے ۔ کل یعنی اتوار کو اس کے دو نمائندوں محمد سمیر شریف اور محمد مجاہد نے مسجد خزانہ آب دودھ باولی میں امیدواروں کے انٹرویوز لیے ۔ انٹرویوز میں 100 سے زائد امیدواروں نے شرکت کی تھی ۔ جناب افتخار حسین کے مطابق انٹرویو میں جن امیدواروں نے شرکت کی انہیں عائشہ آفندی کمپیوٹر اسکیل ڈیولپمنٹ سنٹر میں گذشتہ دیڑھ سال سے تربیت فراہم کی گئی تھی ۔ یہ کمپیوٹر سنٹر فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے چلایا جاتا ہے اور اس سنٹر میں دیڑھ سال کے دوران 268 امیدواروں کو تربیت دی گئی ۔ جناب افتخار حسین نے اس سلسلہ میں اونتی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے ڈاکٹر عبدالقدیر نے تربیت فراہم کی ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فیض عام ٹرسٹ اور سیاست کا جو فروغ مہارت کا سنٹر ہے اسے سیافت Siafat کہا جاتا ہے ۔ اور پچھلے 8 ماہ سے یہ سنٹر سی ٹی وی ، موبائل ریپرنگ اور ایل ای ڈی بلب بنانے کی لڑکے لڑکیوں اور مرد و خواتین کو تربیت فراہم کررہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر مخدوم محی الدین کی بطور خاص ستائش کی اور انہیں ایک ایسی شخصیت قرار دیا جس کے سینے میں اللہ تعالیٰ نے ملت کی تڑپ رکھنے والا دل رکھا ہے ۔ اس موقع پر جناب سید حیدر ، شیخ عثمان غنی ، مسجد خزانہ آب دودھ باولی کی انتظامی کمیٹی کے دوسرے ارکان اور جناب حیدر علی عامر بھی موجود تھے ۔۔