واشنگٹن : امریکی ریاست واشنگٹن کے موکلٹیو ڈسٹرکٹ کی سٹی کونسل کے عہدہ کیلئے مقامی حلقوں میں مقبول عائشہ خان نے اپنی امیدواری پیش کی ہے۔ عائشہ محنتی ، دیانتدار، منکسرالمزاج ،مخلص اور منظم انداز میں کام کرنے والی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی سماجی خدمات سے مقامی حلقوں میں نام کمایا ہے۔ ان کے شوہر ریاض خان نے بتایا کہ موکلٹیو سٹی کونسل پوزیشن نمبر 2 کیلئے عائشہ الیکشن لڑ رہی ہیں۔ انہیں بیحد خوشی ہیکہ اس پوزیشن کیلئے بہت مناسب شخصیت کا انتخاب متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو عائشہ کے انتخاب کے بعد یقینا فائدہ ہوگا۔ عائشہ نے جیسے ہی الیکشن لڑنے پر آمادگی ظاہر کی، مقامی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ حالیہ برسوں میں امریکہ کی مختلف ریاستوں میں برصغیر بالخصوص ہندوستان اور پاکستان سے ایشیائی شہریوں نے سیاسی منصب حاصل کئے ہیں اور ان کی بڑی اکثریت کامیاب ہوئی ہے۔ موجودہ نائب صدر کملاہیرس ہندوستانی نژاد ہیں۔
