انتظامی امور کو بہتر بنانے بڑے پیمانے پر آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے
حیدرآباد۔3۔جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست میں بڑے پیمانے پر آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلوں کے ذریعہ انتظامی امور کو بہتر بنانے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ عائشہ مسرت خانم آئی اے ایس کو حکومت تلنگانہ نے تلنگانہ ریاستی اقلیتی اقامتی اسکولوں کے سیکریٹری کی ذمہ داری تفویض کرتے ہوئے طویل مدت سے سکریٹری ٹمریز کے عہدہ کی ذمہ داری نبھا رہے ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس کا تبادلہ کرنے کے احکام جاری کئے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے ذریعہ 26 آئی اے ایس عہدیداروں کا تبادلہ کیاگیا ہے ۔جن میں چیف منسٹر کے دفتر میں خدمات انجام دے رہی سمیتا سبھروال آئی اے ایس بھی شامل ہیں جنہیں تلنگانہ ریاستی فینانس کارپوریشن کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ جی او آرٹی نمبر 3 جاری کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کے محکمہ جے اے ڈی نے اڈیشنل ڈائریکٹر مہیش دت ایکا کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں سکریٹری برائے کانکنی مقرر کیا ہے۔جناب احمد ندیم کمشنر لیبر کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں پرنسپل سکریٹری محکمہ منصوبہ بندی مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح راہول بوجا سکریٹری جے اے ڈی کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں سکریٹری برائے آبپاشی مقرر کیاگیا ہے۔ڈاکٹر اے شرت کلکٹر سنگاریڈی کو سکریٹری محکمہ قبائیلی بہبود کی ذمہ داری دی گئی ہے۔مسز بھارتی ہولیکیری کو ڈائریکٹر آرکیالوجی کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ۔ کے ششانک ضلع کلکٹر محبوب آباد کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں کلکٹر رنگاریڈی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ایس ۔ سنگیتا ستیہ نارائنہ منیجنگ ڈائریکٹر فوڈس کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں جوائنٹ سکریٹری برائے چیف منسٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ بی وینکٹیشم پرنسپل سکریٹری محکمہ تعلیم کو حکومت نے بی سی ویلفیر کے پرنسپل سکریٹری کی زائد ذمہ داری دی ہے۔ سندیپ کمار سلطانیہ پرنسپل سکریٹری پنچایت راج کو سکریٹری کی زائد ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔حکومت کے محکمہ جی اے ڈی کی جانب سے بڑے پیمانے پر تبادلہ کے احکامات کی اجرائی کے ساتھ ہی عہدیداروں نے اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ لینا شرو ع کردیا ہے اور اپنے متبدلہ دفاتر میں عہدیداروں سے رابطہ کرتے ہوئے ذمہ داریوں کے متعلق آگہی حاصل کرنی شروع کردی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جلد ہی ریاست میں آئی ایف ایس عہدیداروں کے تبادلہ کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔3
چیف منسٹر تلنگانہ کا آج دورہ دہلی
حیدرآباد۔3 جنوری(یواین آئی) چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی جمعرات کو دہلی کا دورہ کریں گے ۔ذرائع کے مطابق وہ قومی دارالحکومت میں اے آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔اس اجلاس میں کانگریس کے اعلی قائدین آئندہ ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مختلف ہدایات جاری کریں گے ۔