کراچی ۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹسٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی نے کہا ہے کہ میں نے کبھی نہیں سوچا کہ پاکستان کا سچن تنڈولکر پکارا جائوں گا۔ سچن کی ویڈیوز زیادہ دیکھیں ان سے سیکھا، میرا قد بھی ان کی طرح ہے۔ کرئیر کے پہلے مقابلے کے وقت دبائو تھا لیکن موقع سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہا۔ میرے والد نے میری حوصلہ افزائی کی۔ کوشش ہوگی کہ راولپنڈی ٹسٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی حاصل کروں۔ تیسرے ٹسٹ میں سنچری بناکر اظہر الدین کے ہم پلہ ہونا چاہتا ہوں۔ وہ قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس میچ کے دوران میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹسٹ اسکواڈ کی ٹریننگ بہت اچھی چل رہی ہے۔ مثبت ذہن کے ساتھ پریکٹس کر رہے ہیں۔ میری توجہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی کرکٹ ملے گی کھیلوں گا، ٹی 20 کے لئے بھی خود کو تیار رکھوں گا۔