lعصری سہولتوں سے آراستہ آپریشن تھیٹر توجہ کا مرکزl موتیابند کے خصوصی آپریشنl جناب زاہد علی خاں و دیگر کا اظہارمسرت
حیدرآباد ۔ 20 ستمبر (سیاست نیوز) اللہ عزوجل نے انسان کو تمام مخلوقات میں انتہائی حسین و خوبصورت بنایا ہے۔ اسے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ انسانی جسم اس کے خدوخال جسمانی اعضاء کا کوئی دوسری مخلوق مقابلہ نہیں کرسکتی۔ قرآن مجید میں اللہ نے ارشاد فرمایا ’’ہم نے انسان کو بہترین سانچے میں ڈھالا‘‘ اگرچہ انسانی جسم ہر عضو اپنا جواب نہیں رکھتا لیکن جب ہم بات آنکھوں کی کرتے ہیں اندازہ ہوتا ہیکہ آنکھیں قدرت کی وہ انمول نعمت ہے جس میں ساری دنیا سمائی ہوئی ہے۔ آنکھوں یا امراض چشم خاص کر موتیابند جیسے مرض اور اس کی سرجریز یا آپریشن کی بات آتی ہے تو دارالشفاء میں واقع عابد علی خاں آئی ہاسپٹل کا ذکر ضرور ہوتا ہے۔ یہ ہاسپٹل بانی سیاست جناب عابد علی خاں مرحوم کی یاد میں سال 2004ء میں قائم کیا گیا تھا اور اب وہ اپنے قیام کے 20 سال مکمل کرچکا ہے اور خوشی کی بات یہ ہیکہ عابد علی خاں آئی ہاسپٹل میں خاص طور پر ہزاروں کی تعداد میں موتیابند کے آپریشن ہوچکے ہیں۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی قیادت اور نیوزایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کی نگرانی میں خدمت خلق میں مصروف اس ہاسپٹل میں امراض چشم کے علاج اور آپریشن کیلئے عصری طبی آلات سے لیس آپریشن تھیٹر اپنی ایک علحدہ شناخت رکھتا ہے۔ عابد علی خاں آئی ہاسپٹل کی بڑے پیمانے پر تزئین نو کے بعد اسے ہر قسم کی عصری ٹکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے چنانچہ عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے تحت عوام کی خدمت میں مصروف اس ہاسپٹل میں ممتاز ماہر امراض چشم ڈاکٹر اسد صابری، ڈاکٹر وسنت سبی ریڈی اور ماہر ڈاکٹرس کی ایک ٹیم مریضوں کا معائنہ کرتے ہوئے آپریشن کریں گے۔ عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے ٹرسٹی جناب اصغر علی خاں کی نگرانی میں عابد علی خاں آئی ہاسپٹل کی تزئین نو کی گئی اور اس میں مریضوں کو تمام عصری سہولتیں پہنچانے کا انتظام کیا گیا۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں، نیوزایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین جو عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بھی ٹرسٹی ہیں۔ جناب اصغر علی خاں، جناب فخرعلی خاں، نوید احمد خاں، جناب حسن صابری نے اس موقع پر عابد علی خاں آئی ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے وہاں دستیاب عصری سہولتوں کا جائزہ لیا اور مسرت کا اظہار کیا۔ جناب زاہد علی خاں کے مطابق روزنامہ سیاست نے اپنے قیام کے آغاز سے ہی خدمت خلق کا سلسلہ شروع کیا اور روزنامہ سیاست شروع کرنے کا مقصد بھی ملت کو نیا عزم و حوصلہ دے کر دیگر ابنائے وطن کے شانہ بشانہ کھڑا کرنا تھا یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ عابد علی خاں آئی ہاسپٹل میں جہاں اڈوانسڈ آپریشن تھیٹر ہے وہیں فارمیسی، ٹسٹنگ رومس بھی دیکھنے کے قابل ہے۔ ہاسپٹل میں ان پیشنٹ اور آوٹ پیشنٹ شعبوں کو بھی عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا۔ عابد علی خاں آئی ہاسپٹل حیدرآباد میں موتیابند کے علاج اور سرجریز کے اہم مراکز میں سے ایک ہے۔ عابد علی خاں آئی ہاسپٹل کے اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے اور شام میں 7 تا 9 بجے شب رہیں گے۔