عابڈس پر آٹو رکشہ کو حادثہ ، 2 طلبہ شدید زخمی

   

حیدرآباد 17 ستمبر (این ایس ایس) شہر کے ایک معروف اسکول کے 2 طلبہ آج صبح نامپلی کے قریب پیش آئے آٹو رکشہ کے ایک حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ آج 9 بجے صبح اُس وقت پیش آیا جب یہ آٹو رکشہ جس میں عابڈس پر واقع قدیم و معروف اسکول کے طلبہ خیریت آباد سے عابڈس کی طرف جارہے تھے، ایک اسکوٹر سے ہونے والی ٹکر سے بچنے کی کوشش کے دوران چیاپل روڈ کے قریب اُلٹ گیا جس کے ساتھ ہی سڑک سے گزرنے والے افراد فوراً وہاں جمع ہوگئے اور 6 بچوں کو آٹو رکشہ سے باہر نکال لیا۔ دو طلبہ شدید زخمی ہوگئے جنھیں دواخانہ میں شریک کردیا گیا۔ دیگر طلبہ کو دوسرے آٹو رکشہ سے اسکول بھیج دیا گیا۔