عادل آباد ، نرمل و مہاراشٹرا میں زلزلے کے جھٹکے

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : عادل آباد اور نرمل اضلاع میں اور پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے کچھ مقامات پر جمعہ کی رات دیر گئے زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ جھٹکے دو سکنڈ کے تھے جس کے نتیجہ میں عادل آباد اور نرمل کے عوام میں خوف و سراسمیگی پھیل گئی ۔ عوام اپنے گھروں سے باہر دوڑ پڑے ۔ زلزلہ کی شدت اور دیگر تفصیلات کا علم نہیں ہوسکا ہے ۔ عادل آباد کے پڑوس میں مہاراشٹرا کے کچھ علاقوں کے عوام نے بھی جھٹکے محسوس کئے ۔ ناندیڑ اور ایوت محل اضلاع میں بھی عوام نے یہ جھٹکے محسوس کئے ۔ این جی آر آئی کے شعبہ طبقات الارض کے ڈائرکٹر ڈی سری ناگیش کے بموجب یہ جھٹکے 60 کیلو میٹر جنوب تک محسوس کئے گئے ۔ یہ زلزلہ دراصل جنوب مغربی مہاراشٹرا میں کلوات کے مقام پر آیا تھا چونکہ وہ زیر زمین 25 کیلو میٹر نیچے تھا اس لیے 60 کیلو میٹر دور جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ زلزلہ کی شدت انہوں نے 3.5 بتائی ۔ مابعد جھٹکوں کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔