حیدرآباد ۔18۔ اگست (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے عادل آباد ، نظام آباد اور کریم نگر کے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کے سبب چوکسی اختیار کریں ۔ محکمہ موسمیات نے تینوں اضلاع میں آج رات سے موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹر سے ربط قائم کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کی وارننگ کے پیش نظر ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ ہر کلکٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ صورتحال پر نظر رکھی جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف سکریٹری نے محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی پر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ حالیہ سیلاب اور بارش کے تجربات کو دیکھتے ہوئے ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ نشیبی علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کی تیاری کی جائے ۔ ضرورت پڑنے پر ریلیف کیمپس قائم کئے جائیں۔
