حیدرآباد۔ 10 اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے عادل آباد میں آئی ٹی ٹاور کے کاموں میں تیزی سے پیشرفت پر مسرت کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کے ٹی آر نے عادل آباد آئی ٹی ٹاور کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کے سی آر دور حکومت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے اقدامات کئے گئے۔ نظام آباد، نلگنڈہ، ورنگل، کریم نگر، محبوب نگر، کھمم اور سدی پیٹ میں آئی ٹی ہب کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اب عادل آباد بھی آئی ٹی ٹاور کی فہرست میں شامل ہوچکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانگریس حکومت بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی پر توجہ دیگی۔ آئی ٹی ٹاور کے قیام سے مقامی نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے آئی ٹی ٹاور کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ باقی کام آئندہ 2 ، 3 ماہ میں مکمل کرلئے جائیں گے۔ 1