نائب صدر بلدیہ بھینسہ محمد جابر احمد کے ناشائستہ الفاظ کا ویڈیو وائرل، نظام آباد میں احتجاج
نظام آباد ۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نائب صدرنشین بلدیہ بھینسہ و صدر ضلع مجلس عادل آباد محمد جابر احمد کی جانب سے حفاظ ، علماء کرام کیخلاف ناشائستہ الفاظ استعمال کرنے اور سوشل میڈیا پر ان کے آڈیوز وائرل ہونے پر آج نوجوانوں نے نظام آباد میں علی عارف کی جانب سے نہروپارک پر احتجاجی دھرنا دیا، بعدازاں Iٹائون پولیس اسٹیشن پہنچ کر جابر احمد کیخلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریری طور پر شکایت کی ۔ انہوں نے پولیس کمشنر کملیشور سے بھی ملاقات کی اور انہیں ایک تحریری یادداشت پیش کی اس موقع پر معین یونس قائد کانگریس ، صہیب این آر آئی ، خبیب علی، سہیل چائو ش ، امجد و دیگر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انتخابات کے موقع پر جابر احمد نے کانگریس قائد کیخلاف بھی غلط زبان کا استعمال کیا تھا اور نتائج کے بعد حفاظ کیخلاف ناشائستہ الفاظ استعمال کرنے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے علماء کے خلاف ناشائستہ الفاظ استعمال کرنا سراسر غلط ہے ۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی سے انہیں پارٹی سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا اور پولیس کمشنر سے بھی ان کیخلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ واضح رہے کہ نظام آباد میں انتخابات کے موقع پر جابر احمد نے کانگریس امیدوار شبیر علی کیخلاف بھی سخت ترین بیانات دئیے تھے اور اس وقت کانگریس قائدین و کارکنان نے اسے نظر انداز کردیا ۔ لیکن علماء کے خلاف بیان دینے پر دینی مسئلہ ہے اور انبیاء کے ورثاء کیخلاف گستاخی کرنے پر سخت احتجاج کیااور غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے جابر احمد کے رویہ پر سخت تنقید اور فوری معذور ت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا ۔