حکومت کے خرچ سے زخمیوں کے علاج پرزور
ترجمان ایم بی ٹی امجداللہ خان کا دورہ ہاسپٹل
حیدرآباد : مجلس بچاؤ تحریک نے عادل آباد فائرنگ واقعہ کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کرنے اور زخمیوں کے علاج کا خرچ ریاست کو برداشت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان ایم بی ٹی مسٹر امجداللہ خان خالد نے آج نمس ہاسپٹل کا دورہ کرکے گذشتہ روز فائرنگ واقعہ میں زخمیوں اور ان کے افراد خاندان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر محمد فاروق احمد صدر اے آئی ایم آئی ایم عادل آباد یونٹ و سابق نائب چیرمین عادل آباد میونسپلٹی نے اپنی لائسنس یافتہ ریوالور سے مبینہ طور پر کئی راونڈ فائر کیا تھا جس کی وجہ سے تین افراد سید ضمیر 59 سال، سید منان 53 سال اور سید محتشم 17 سال ساکنان ٹائی گوڑہ ضلع عادل آباد زخمی ہوگئے۔ ان میں سے دو افراد سید ضمیر اور محتشم کو نمس منتقل کیا گیا۔ سید ضمیر کو تین بلٹ لگنے کی وجہ سے تشویشناک حالت ہے جن کا نمس میں علاج جاری ہے جبکہ سید محتشم کو ایک بلٹ لگی ہے اور سید منان کا سر تلوار سے زخمی ہوگیا تھا جنہیں ریمس عادل آباد میں شریک کیا گیا ہے۔ مسٹر امجداللہ خان نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ زخمیوں کے علاج کا مکمل خرچ حکومت برداشت کرے اور اس کیس کو سی بی آئی کے حوالے کیا جائے تاکہ بہتر طریقہ سے تحقیقات ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ پولیس سے بہتر تحقیقات کی توقع نہیں ہے۔
