عادل آباد میں بی آر ایس کو زبردست جھٹکہ

   

سابق وزیر اندرا کرن ریڈی کی کانگریس میں شمولیت
نرمل ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) : نرمل میں بی آر ایس کو ایک اور زبردست جھٹکا اس وقت لگا جب اس ضلع کے قد آور قائد و سابق وزیر مسٹر اے اندرا کرن ریڈی نے بی آر ایس سے استعفیٰ دے کر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ حیدرآباد میں دیپا داس منشی نے انہیں پارٹی کھنڈوا ڈال کر کانگریس میں خیرمقدم کیا ۔ سابق وزیر اے اندرا کرن ریڈی نے جلیل ازہر سینئیر اسٹاف رپورٹر نرمل سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ عوامی خدمت برسوں سے کرتا آرہا ہوں اور آج بھی اسی جذبہ کے تحت میں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے کیوں کہ میں بہت قدیم کانگریسی رہا ہوں بحیثیت ایم پی اور رکن اسمبلی بھی میں نے کانگریس کے بیانر تلے خدمات کی ہیں ۔ ساتھ ہی میں بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ سے اس بات پر اظہار تشکر کرتا ہوں کہ انہوں نے دو مرتبہ مجھے اپنی کابینہ میں جگہ دی ۔ اب میں بحیثیت کانگریس قائد پارٹی کو مستحکم بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھوں گا ۔ کئی دنوں سے میرے حامیوں کی بڑی تعداد میری کانگریس پارٹی میں شمولیت کی خواہاں تھی ۔ آج ٹی وی پر کانگریس میں شمولیت کے ساتھ ہزاروں چاہنے والوں نے مجھے فون پر مبارکباد دی ۔ جن کا میں دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ انہوں نے نمائندہ سیاست جلیل ازہر کو بتایا کہ وہ دو دن بعد نرمل آرہے ہیں پارلیمانی انتخابات کی انتخابی مہم میں بھی شرکت کرتے ہوئے سرگرم ہوجائیں گے ۔ ان کی کانگریس پارٹی میں شمولیت کی ٹی وی پر اطلاع کے ساتھ کئی نرمل پارٹی قائدین میں خوشی و مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے ۔ نرمل سے صدر نشین بلدیہ جی ایشور ، عمران اللہ رکن بلدیہ محمد زاہد علی این آر آئی ، محمد ذیشان علی یوتھ لیڈر کانگریس ، محمد انیس احمد خاں اور دیگر نے اندرا کرن ریڈی کو فون کر کے کانگریس میں شمولیت پرمبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔۔