ڈاکٹر سمیع کے گھراور کلینک پرحملہ ، اہل محلہ کا جینا دوبھر ، عوام کی شکایت ، فوری کارروائی کا مطالبہ
عادل آباد /9 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عادل آباد کے محلہ جلکوری لکشمی نگر میں پچھلے تین دنوں سے تنازعہ شدت اختیار کر چکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ، سمیع نامی ڈاکٹر جو اسی محلہ کے رہائشی ہیں۔ ایک نہایت سادہ خوش اخلاق اور مہذب شخصیت کے مالک ہیں۔ مگر محلے کے ہی شرپسند شخص زبیر نے ذاتی دشمنی کے تحت ظلم و ستم ڈھانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ زبیر جو کہ زعفرانی پارٹی سے تعلق رکھتا ہے ۔ اپنے حامیوں کے ساتھ مل کر ڈاکٹر سمیع کے خلاف اپنے انتقامی جذبات کو ہوا دے رہا ہے ۔ تین روز قبل زبیر نے جنید نامی نوجوان سے رابطہ کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیع کے گھر اور کلینک پر حملہ کیا اور ڈاکٹر سمیع کی گاڑی کو بھی نقصان پہونچایا ۔ اس حملے کے بعد محلہ میں حالات کشیدہ ہوگئے اور عوام میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ۔ محلے کے رہائشی جو عرشہ دراز سے زبیر کے ظلم و جبر کا شکار تھے ۔ بالاخر ڈاکٹر سمیع پر حملے کے بعد متحد ہوگئے اور زبیر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج شروع کردیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سمیع اور زبیر کی جانب سے علحدہ علحدہ شکایات درج کروائی گئی ہیں۔ جس کے نتیجہ میں ٹو ٹاون پولیس اسٹیشن میں دونوں کے خلاف جوابی مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ مزید براں جمعہ کے روز ڈاکٹر سمیع کی شکایت پر پولیس نے زبیر کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کیا ۔ جس میں اس پر الزام ہے کہ اس نے ڈاکٹر سمیع کی گاڑی کا شیشہ توڑ دیا ۔ اگرچہ پولیس نے مقدمات درج کئے ہیں۔ محلہ کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس نے اتنی سنجیدگی سے کارروائی نہیں کی جتنی کہ ضرورت ہے ۔ مقامی افرادنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے کئی بار توجہ دلانے کے باوجود زبیر کے خلاف سخت کارروائی نہیں کی ۔ آج اتوار کو محلہ کے افراد نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اس معاملے کی تفصیلات شئیر کریں ۔ محلہ کے لوگوں نے اپنے بیان میں کہا کہ زبیر نامی شخص جو خود کو زعفرانی پارٹی کا لیڈر ظاہر کرتا ہے نے پورے محلے میں خوف و ہراس کی فضاء قائم کر رکھی ہے اور مقامی افراد کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔ اہلیان محلہ نے بی جے پی کے رکن اسمبلی پی شنکر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر زبیر کے خلاف سخت کارروائی کریں اور اپنے آپ کو ایک حقیقی کارروائی کریں اور اپنے آپ کو ایک حقیقی عوامی نمائندہ ثابت کریں ۔ محلہ کے لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر کارروائی نہ کی گئی تو ان کے احتجاج میں مزید شدت آسکتی ہے ۔ اس معاملہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری جمعیت کو محلہ چلکوری لکشمی نگر میں تعینات کردیا گیا ہے۔