عادل آباد میں سمنٹ فیکٹری کا احیاء کیا جائے :جوگو رامنا

   

حیدرآباد : تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے رکن اسمبلی جوگورامنا نے مودی زیرقیادت مرکزی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ ضلع عادل آباد کی سمنٹ فیکٹری کا احیا کرے۔ انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اس کمپنی کو اگر دوبارہ نہیں کھولا گیا تو سمنٹ فیکٹری کے احیاء کی تحریک میں شدت پیدا کی جائے گی۔جوگورامنا نے اس سمنٹ فیکٹری کے احیا کے لئے لگائے گئے سیلفی پوائنٹ کا افتتاح انجام دیا۔عادل آباد سمنٹ فیکٹری(سی سی آئی) سادھناکمیٹی کی جانب سے لگائے گئے اس سیلفی پوائنٹ میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس فیکٹری کو دوبارہ کھولے ۔ساتھ ہی اس سیلفی پوائنٹ پر تصاویر لینے والوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنی ایک سیلفی وزیراعظم کو بھیجیں۔عادل آباد ٹاؤن کے تلنگانہ چوک میں لگائی گئی آئی لو ویو سی سی آئی سیلفی پوائنٹ کا انہوں نے معائنہ کیا اور وہاں اپنی ایک سیلفی بھی لی۔صبح میں چہل قدمی کرنے والوں نے رکن اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے اس انوکھے پروگرام کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی اور ان کے ساتھ سیلفی بھی لی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جوگورامنا نے اس سیلفی پوائنٹ کو بہتر قدم قراردیا۔