حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ضلع عادل آباد میں انکم ٹیکس عہدیداروں کی جانب سے ضلع عادل آباد کے نامور صنعت کار مسٹر رگھوناتھ متل کے گھر پر اور ان کے صنعتی اداروں میں ایک ساتھ دھاوے کرنے کاواقعہ پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ضلع عادل آباد کے ممتاز و نامور صنعت کار مسٹر رگھوناتھ متل کے مکان اور صنعتی اداروں پر گزشتہ دن انکم ٹیکس عہدیداروں نے ایک ساتھ دھاوے کرکے مکان و صنعتی اداروں کی مکمل تلاشی لی۔ اس کے علاوہ حیدرآباد کے مختلف مقامات پر مسٹر متل تجارتی مراکز پر بھی انکم ٹیکس عہدیداروں نے ایک ساتھ دھاوے کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر رگھوناتھ متل کے کاروباری معاملوں اور اثاثہ جات سے متعلق تفصیلات اکٹھا کرنے کیلئے ہی انکم ٹیکس عہدیداروں نے یہ دھاوے کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ دھاوے ایک ساتھ صبح کی اولین ساعتوں سے شروع ہوکر رات دیر گئے تک جاری رہے اور اس تلاشی کے دوران مسٹر رگھوناتھ متل سے متعلق مبینہ طور پر زائد از 200کروڑ کے غیر مجاز اثاثہ جات کی نشاندہی کئے جانے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔ لیکن عہدیداران انکم ٹیکس نے اس کی توثیق نہیں کی اور آج کئے گئے دھاوؤں کے تعلق سے اپنے کسی ردعمل کا اظہار کرنے سے انکم ٹیکس عہدیداروں نے گریز کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انکم ٹیکس عہدیدار اس سلسلہ میں اپنی تفصیلی رپورٹ مرتب کرکے اعلیٰ عہدیداروں کو پیش کرنے کے بعد ہی مناسب کارروائی کریں گے۔