عادل آباد میں طلبہ کے ساتھ افطار میں جو گو رامنا کی شرکت

   

عادل آباد۔ تلنگانہ حکومت دیگر طبقات کی طرز پر مسلم طبقہ کو بھی زندگی کے ہر شعبہ میں سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ مسلم طبقہ میں تعلیمی اعتبار سے پائی جانے والی تعلیمی پسماندگی کو محسوس کرتے ہوئے انہیں معیاری تعلیم فراہم کرنے کی غرض سے حکومت کی جانب سے اقلیتی اقامتی اسکولس کا قیام عمل میں لایا گیا، جہاں پانچویں جماعت سے تعلیم کا آغاز ہے جو پی جی تک برقرار رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار عادل آباد رکن اسمبلی جوگو رامنا نے مستقر عادل آباد کے بنگاری گوڑا میں اقلیتی اقامتی اسکول و کالج II میں طالبات کے ساتھ افطار کے موقع پر کیا۔ موصوف طالبات کی ہمت افزائی کی خاطر خصوصیت کے ساتھ افطار میں شرکت کرتے ہوئے اپنے ہاتھ سے طالبات کو کھجور کھلایا اور طعام و قیام کی سہولت وضیافت کی۔ رمضان المبارک کے اس مقدس مہینہ میں طالبات کو سحر و افطار کے اوقات میں ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کی خاطر نائب صدر مجلس بلدیہ ظہیر رمضانی نے اپنی جانب سے 40 لیٹر پانی ٹھنڈا کرنے والا فریج اور کولرس بطور عطیہ پیش کیا۔ اس موقع پر جوگو رامنا نے فریج کا بھی افتتاح انجام دیا۔ جوگو رامنا، ظہیر رمضانی نے طالبات کے ساتھ مل کر افطار کیا جبکہ اس موقع پر ڈی ایم ڈبلیو او شریمتی کرشنا وینی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔