عادل آباد۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کے عادل آباد ضلع کے آچوڈہ منڈل مستقر کے ریڈی کالونی میں خاندانی جھگڑوں کے باعث ایک سانحہ پیش آیا جس میں خاندان کے تین افراد کی موت ہوگئی۔ماں نے دو بچوں سمیت جسم پر مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگالی جس کی وجہ سے ماں کی موقع پر موت ہوگئی جبکہ دونوں بچے ہاسپٹل میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔یہ واقعہ جمعرات کی رات آچوڈا منڈل مستقر کے ریڈی کالونی میں پیش آیا اور اس سانحہ میں ایک ماں اور دو بچوں کی موت ہو گئی۔ مقامی لوگوں اور پولیس کی طرف سے دی گئی تفصیلات کے مطابق بازارہتنور منڈل کے پپری گاؤں کی ویداشری (26) کی شادی 7 سال قبل آچوڈہ منڈل کے ریڈی کالونی کے بابو ریڈی سے ہوئی تھی۔ ان کی دو بیٹیاں 5 سالہ پرگیہ اور 3سالہ وینیلا تھی۔ کچھ دنوں سے ان کے خاندان میں جھگڑے چل رہے ہیں۔جھگڑوں سے تنگ آکر ویداشری نے جمعرات کی رات سات بجے جب گھر پر کوئی نہیں تھے۔ باورچی خانے میں اس نے دو بچوں کے ساتھ جسم پر مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگالی۔جب پڑوسیوں نے دیکھا کہ گھر سے دھواں نکل رہا ہے تو انہوں نے دروازہ کھولا تو ویداشری فوت ہوچکی تھی۔پرگیہ اور وینیلا شدید جھلس گئے تھے انہیں فوری طور پر عادل آباد رمس ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ دونوں بچے کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔عادل آباد ڈی ایس پی وی۔ایمندر، آچوڈا سی آئی نائلونائک اور آچوڈا ایس آئی ادے کمار نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔دریں اثنا متوفی کے رشتہ داروں نے پولیس سے شکایت کی ہے کہ ویداشری کو اس کے سسرال والوں نے شادی کے بعد سے تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے خودکشی کے لیے اکسایا۔پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔