نرمل۔/9 اپریل ، ( جلیل ازہر کی رپورٹ ) حلقہ لوک سبھا عادل آباد کے کانگریس امیدوار رمیش راتھوڑ آج رات دیر گئے بھیانک سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے جنہیں عادل آباد کے سرکاری دواخانہ رمس میں شریک کرایا گیا۔ ڈاکٹروں کے بموجب ان کی حالت خطرہ سے باہر ہے۔ تفصیلات کے بموجب آج انتخابی مہم کے اختتام کے بعد رمیش راتھوڑ شام میں اپنے مقام اوٹنور سے عادل آباد روانہ ہوئے تھے کہ ان کی گاڑی درخت سے ٹکرا گئی جس کے سبب رمیش راتھوڑ کو سر اور پیٹ پر شدید زخم آئے ہیں۔ حادثہ کی اطلاع سارے ضلع میں پھیل گئی ۔ عادل آباد سے بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں اور کانگریس قائدین نے انہیں مستقر عادل آباد کے رمس ہاسپٹل منتقل کیا جہاں سینکڑوں کی تعداد میں عوام جمع ہوگئے۔رمیش راتھوڑ کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ۔ پہلے کہا جارہا تھا کہ حیدرآباد منتقل کیا جائے گا تاہم رات دیر گئے تک یہ اطلاعات موصول ہوئی کہ عادل آباد کے دواخانہ میں علاج جاری ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ رائے دہی کے لئے چند گھنٹے باقی ہیں ایسے وقت میں یہ حادثہ پیش آیا۔
