عادل آباد۔/15 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کے عادل آباد ضلع کے جینت منڈل مستقر میں شدید بارش کی وجہ سے ترنم برج کے نیچے بنایا گیا ایک عارضی پُل ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے طلباء اور عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اس موقع پر دیہاتیوں نے کہاکہ برائے نام تعمیر شدہ پُل ٹوٹنے سے عوام اور طلباء کو شدید پریشانی ہورہی ہے۔جینت بیلہ منڈل مراکز سے کئی نوجوان روزگار کے سلسلہ میں عادل آباد ضلع مرکز جاتے ہیں۔ عوام اس بات پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں کہ اس پُل کی تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے جینت منڈل سنٹر جانے والے طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہاں کی عوام متعلقہ عوامی نمائندوں اور حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جلد از جلد برج کی از سر نو تعمیر کا مطالبہ کررہے ہیں۔