عادل آباد کے سینئر لیڈر ساجد خان کی کانگریس میں گھرواپسی

   

جگاریڈی نے پارٹی کھنڈوا ڈال کر خیرمقدم کیا ، اقلیتی حلقوں میں مسرت کی لہر

نرمل ۔ یکم ۔ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سابق صدر ضلع کانگریس کمیٹی عادل آباد مسٹر ساجد خان کی کانگریس میں واپسی ، گاندھی بھون حیدرآباد سے مسٹر ساجد خان سابق صدر ضلع عادل آباد کے ہمراہ گنڈرت سجاتا پی سی سی کی سابق جنرل سکریٹری کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کے صدر مسٹر جگاریڈی نے پارٹی کھنڈوا ڈال کر دوبارہ ان کو پارٹی میں شامل کرلیا اور ان کی پارٹی سے معطلی کو ختم کرتے ہوئے گرمجوشانہ انداز میں ان قائدین کو شامل کرنے کی اطلاع کے ساتھ ہی کانگریس حلقوں بالخصوص ضلع عادل آباد اور نرمل ضلع کانگریس میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی ۔ واضح رہے کہ مسٹر ساجد خان گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی سے ایک طاقتور امیدوار کی حیثیت سے کانگریس کے ٹکٹ کے دعویداروں میں شامل تھے تاہم لمحہ آخر میں انہیں ٹکٹ نہ ملنے پر کانگریس سے بغاوت کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں ایک آزاد امیدوار کو میدان میں اُتارا تھا تاہم کانگریس میں یہ اقلیتوں کے ایک قدآور قائدین میں شمار کئے جاتے تھے ۔ متحدہ ضلع عادل آباد کے تمام اقلیتوں میں ان کی کافی مقبولیت ہے ۔ آج پارٹی میں دوبارہ شمولیت کے بعد انہوں نے فون پر سید جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی ہائی کمان کی جانب سے دی گئی ترغیب کو ہم نے سر آنکھوں قبول کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کے امیدوار کی شاندار کامیابی کیلئے جدوجہد کریں گے ، یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ مسٹر ساجد خان کی کانگریس میں بہت زیادہ خدمات ہیں انہوں نے مستقر عادل آباد میں ہمیشہ تمام طبقات کے درمیان ہمیشہ دستیاب رہتے ہوئے عوام کی خدمت اور پارٹی کو مستحکم بنانے میں کوئی کمی نہیں کی ۔ ان کی کانگریس میں دوبارہ واپسی سے اقلیتوں میں خوشی و مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے ۔