کے ٹی آر کا مرکزی وزیر بھاری صنعت کو مکتوب ، تلنگانہ حکومت سے مکمل تعاون کا تیقن
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے عادل آباد کے سمنٹ کارپوریشن آف انڈیا (سی سی آئی) کو دوبارہ بحال کرنے کی مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے ۔ اس سلسلہ میں مرکزی وزیر بھاری صنعت مہندر ناتھ پانڈے کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس صنعت کو 1996 میں بند کردیا گیا ۔ اس مسئلہ پر ماضی میں مرکزی حکومت سے تبادلہ خیال کیا گیا مگر صنعت کو دوبارہ بحال کرنے کے معاملے میں کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ سال 1984 کے دوران 47 کروڑ روپئے کے مصارف سے عادل آباد میں سی سی آئی یونٹ قائم کیا گیا تھا ۔ شہر عادل آباد کے مضافات میں 772 ایکر اراضی پر یہ پلانٹ قائم کیا گیا تھا جس میں 400 کوارٹرس کے علاوہ 170 ایکر اراضی پر ٹاون شپ قائم کی گئی تھی ۔ اس پلانٹ کو دوبارہ بحال کرنے سے مہاراشٹرا ، شمالی تلنگانہ کے مرہٹواڑہ اور ودربھا علاقوں میں سمنٹ کے ضرورتوں کی تکمیل ہوگی ۔ بی آئی ایف آر منظور کردہ اسکیم کے مطابق پلانٹ کے ورکنگ کیپٹل کو روک دینے کی وجہ سے اس کی سرگرمیاں بند ہوگئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2008 میں ملازمین کو وی آر ایس فراہم کرتے ہوئے پلانٹ کو بند کردیا گیا تھا ۔ تاہم یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملازمین اس سلسلے میں عدالت سے رجوع ہوئے ہیں ۔ پلانٹ میں ٹائم اسٹون میننگس ( چونا پتھر کی کانکنی ) تقریبا 1500 ایکر اراضی پر پھیلی ہوئی ہے ۔ اس صنعت میں چونے کے پتھر کے ذخائر 48 ملین ٹن ہیں اور اس یونٹ میں 32 کیلو واٹ برقی سپلائی کا کنکشن بھی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ پلانٹ کے لیے پانی کی دستیابی ابھی موجود ہے ۔ مطلوبہ معیار کا کوئلہ سنگارینی کالریز کارپوریشن لمٹیڈ کے پاس دستیاب ہے جو ایک سرکاری کوئلہ کی کانکنی کمپنی ہے اس پلانٹ کو دوبارہ بحال کرنے کے معاملے میں تلنگانہ حکومت مرکز سے مکمل تعاون کرے گی ۔۔