عادل آباد گرامین بینک میں رقمی دھوکہ دہی معاملہ

   

ملزم کی گرفتاری اور عدالت میں پیشی، ضلع ایس پی کا بیان
عادل آباد۔ تلنگانہ گرامنا بینک عادل آباد میں ایک کروڑ 25 لاکھ 18 ہزار 300 روپیوں کا گھپلا کرنے والے بی رمیش کو پولیس حراست میں لیتے ہوئے عدالت میں پیش کردیا۔ یہ بات عادل آباد ضلع ایس پی اودے کمار ریڈی نے پولیس ہیڈکوارٹر کانفرنس ہال میں میڈیا سے مخاطب ہوکر بتائی۔ تفصیلات بتاتے ہوئے ضلع ایس پی نے کہا کہ ٹکنالوجیس پرائویٹ لمیٹیڈ کے تحت تقرر کردہ بیتالہ رمیش کسٹم سرویس پروائیڈر سی ایس پی مختلف مواضعات کے کسان گریٹیڈ کارڈ رکھنے والے افراد کو رقم فراہم کرنے کا کام انجام دیا کرتا تھا۔ مڈوی رام بالی، کے بھیم راؤ، کے گنگا دیوی کے کسان کریڈیٹ کارڈ حاصل کرتے ہوئے 21 ستمبر 2021 تا 17 فروری 2022 کے دوران تقریباً پانچ ماہ میں 1,25,18,300 روپے حاصل کیا جبکہ یہ رقم مکمل طور پر ان افراد کو نہ مل سکی جس کے پیش نظر انہوں نے بینک مینجر سے ربط پیدا کیا۔ تلنگانہ گرامینا بینک عادل آباد میں برانچ مینجر ایم ویویک نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ میڈیا سے مخاطب اس موقع پر ڈی ایس پی وینکٹیشور راؤ، رورل سرکل انسپکٹر مسٹر رگھوپتی، ایس آئی ہری بابو بھی موجود تھے۔