سرینگر: ہندوستان کی جرسی پہن کر اولمپکس میں شرکت کرکے ملک کی نمائندگی کرنا میرا بہت بڑا خواب ہے ۔یہ باتیں عادل الطاف کی ہیں جنہوں ہریانہ کے پنچکولہ میں حال ہی میں منعقدہ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں جموں و کشمیر کے لئے پہلا سائیکلنگ گولڈ میڈل حاصل کیا۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عادل الطاف کو اس بائز70 کلو میٹر روڈ ریس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ایک تاریخ رقم کرنے پر مبارکبادی پیش کی ہے ۔عادل الطاف نے یو این آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی جرسی پہن کر اولمپکس میں ملک کی نمائندگی کرنا میرا خواب ہے ۔انہوں نے کہا: ‘میں یہ میڈل اپنے والدین اسکول اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا جو میرا سپانسر ہے ، کے نام وقف کرتا ہوں جنہوں نے میری ہر مرحلے پر حوصلہ افزائی کی’۔سرینگر کے لال بازار علاقے کے رہنے والے موصوف کھلاڑی کا تعلق اقتصادی لحاظ سے ایک کمزور خاندان سے ہے اور ان کے والد شاہ الطاف حسین جو پیشے سے ایک ٹیلر ماسٹر ہیں، مشکل مالی حالات کے باوصف اپنے بیٹے کے شوق کو پورا کرنے کے لئے تمام تر سہولیات بہم پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں۔