عوام کو شدید دشواریاں، پانی میں پھنسے ہوئے افراد کو پولیس ٹیم نے باہر نکالا
عادل آباد: ضلع عادل آباد میں گزشتہ دو دن سے جاری شدید بارش کے پیش نظر کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ عام سڑکوں کے اوپر سے پانی گزرنے کے بنا پر سڑکیں جھیل میں تبدیل دکھائی دے رہی ہیں۔ ضلع عادل آباد کے اسمبلی حلقہ بوتھ میں تین افراد جو پانی میں پھنسے ہوئے تھے پولیس کے تعاون کے بنا پر انہیں راحت پہناچاتے ہوئے انہیں بچالیا گیا جس پر عادل آباد ضلع ایس پی مسٹر ایم راجیش چندرا یوتھ سرکل انسپکٹر سب انسپکٹر اور پولیس عملہ کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے عوام کو مسلسل جاری بارش کے پیش نظر احتیاط کرنے کا جہاں ایک طرف مشورہ دیا وہیں دوسری طرف کسی بھی ناگہانی صورتحال میں پولیس کا تعاون حاصل کرنے کے لیے ٹول فری نمبر 100 کے علاوہ خصوصی قائم کردہ کنٹرول روم فون نمبر 8106674510 پر اطلاع دینے کی خواہش کی گئی ہے۔ ضلع ایس پی نے ضلع عادل آباد کے تمام پولیس عہدیداروں کو ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ مخاطب ہوکر انہیں ہمہ وقت اپنی خدمات کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور اس ضمن میں یوتھ اور رائنور کے لیے دو خصوصی پولیس ٹیم کو تشکیل دیا گیا جو کسی بھی ناگہانی صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے پانی میں گھرے ہوئے افراد کی مدد کرسکیں۔ ضلع عادل آباد کے جینت، بیلا تامی، تلاوڑگو اور بھیم پور منڈل جات میں شدید بارش کے بنا پر حسب معمول آمد رفعت متاثر ہوکر رہ گئی جبکہ مستقر عادل آباد کے قلب میں واقع تالاب میں پانی میں اضافہ ہونے کے بنا پر تالاب سے منسلک مکانوں میں پانی داخل ہوچکا ہے۔ علاوہ ازیں سلم علاقہ جات گاندھی، رندیو نگر، کرانتی نگر، مہالکشمی واڑہ، دھناپور و دیگر مقامات پر بھی سڑکوں سے پینے والا پانی مکانوں میں داخل ہوچکا ہے جس کے بنا پر مقامی افراد کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔