ریاستی وزیر برائے صحت عامہ ایٹالہ راجندر کا گھیراؤ‘ سہولیات سے محرومی اور غیر محفوظ ہونے کی شکایت
عادل آباد۔14 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر میڈیکل اینڈ ہیلت مسٹر ایٹالہ راجندر کو اس وقت پریشانی کاسامنا کرنا پڑا جبکہ رمس میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں شرکت کے بعدو اپس ہو رہے تھے ۔ راجیوگاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس سے تعلق رکھنے والے کم و پیش 100 (ایک سو) طالبات نے اپنے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے قائم کردہ تمام حد بندیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنے مطالبات کی یکسوئی کی غرض سے شاہراہ پر جمع ہو کر ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر کی کار کا گھیراؤ کیا ۔ پولیس کی جانب سے روک تھام کے باوجود احتجاجی طالبات ریاستی وزیر کی کار کا گھیراؤ کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ احتجاجی طالبات کی شکایت کو سماعت کرنے کی غرض مجبوراً ریاستی وزیر کو کار کے باہر نکلنا پڑا رمس میڈیکل کی طالبات نے اس میں پائی جانے والی ابتر صورتحال سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ انہیں قیام و طعام اور تعلیم کی خواطر خواہ سہولتوں سے محروم کیا جا رہا ہے ۔ جبکہ تین سال قبل نرسنگ شعبہ کی طالبات کے لئے علحدہ عمارت جس میں قیام کی سہولت ‘ ہاسٹل اور تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کا تیقن دیا گیا تھا اشکبار طالبات اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کرتے ہوئے ریاستی وزیر سے اپنے مطالبہ کی یکسوئی پر زور دیا ۔ طالبات کی جانب سے پیش کردہ مطالبہ کو چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کے علم میں لاتے ہوئے فوری طور پر انہیں راحت پہنچانے کا ریاستی وزیر نے تیقن دیا ۔ کل شب 9 بجے پیش آئے اس واقعہ کے بناء پرتقریباً نصف گھنٹہ ریاستی وزیر کو احتجاجیوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ مسٹر ایٹالہ راجندر نے اپنے مقررہ وقت سے دو گھنٹہ تاخیر سے مستقر عادل آباد کے رمس دواخانہ کے جائزہ اجلاس میں شرکت کی اور اجلاس میں موجود ڈاکٹرس شعبہ طب کے دیگر ذمہ داروں کو ہدایت دی کہ وہ حیدرآباد کے عثمانیہ اورگاندھی ہاسپٹل کی طرز عادل آباد کے رمس میں مریضوں کا علاج کریں علاوہ ازیں موسم بارش کے پیش نظر اکثر و بیشتر قبائیلی علاقہ جات میں پیدا ہونے والی مہلک بیماریوں پر قابو پانے کی غرض سے گرام پنچایت ‘ منڈل جات کی سطح پر موجودہ پرائمری ہیلت سنٹر میں تمام ادویات مریضوں کو فراہم کرتے ہوئے انہیں علاج و معالجہ کی خاطر ہمہ وقت ہیلت سنٹر میں خدمات انجام دینے والوں کو دستیاب رہنے پر زور دیا ۔ بعدازاں میڈیا سے مخاطب ہو کر ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر نے کہا کہ مستقر عادل آباد کے رمس دواخانہ میں پانچ سال سے زائد خدمات انجام دینے والے افراد کو ترقی کے علاوہ تبادلہ کرنے سے بھی اتفاق کیا ۔ رمس میں پائی جانے والی مخلوعہ جائیدادوں پر عنقریب تقررات کرنے اپنی رضامندی ظاہر کی ۔ موصوف اسی طور پررمس کے ایم آئی سی یو وارڈ کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر اے اندرا کرن ریڈی ‘ مسٹر جوگو رامنا ‘ مسٹر راٹھور بابو راؤ ‘ اراکین اسمبلی ‘ جوائنٹ کلکٹر سندھیارانی‘ آفس ڈائرکٹر ‘ آر ڈی او ‘ صدرنشین ضلع پریشد کے علاوہ دیگر سرکاری و غیر سرکاری عہدیدار موجود تھے ۔
