عادل آباد میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد 19 ہونے پر افسوس

   

گاندھی ہاسپٹل کے صحتیاب مریضوں کو واپس لوٹانے میں لاپرواہی نہ کرنے کی ضلع کلکٹر کی ہدایت
عادل آباد۔ 21 ؍ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گاندھی ہاسپٹل میں شریک کورونا وائرس میں مبتلا عادل آباد کے 19 افراد کے منجملہ پانچ افراد کوویڈ ۔ 19 بیماری سے صحت مند ہونے پر انہیں دوخانہ سے ڈسچارج کیا گیا جنہیں حیدرآباد سے عادل آباد آنے میں پیش کرنے والی دشواریوں کا تذکرہ ضلع کلکٹر سری دیواسینا سے عادل آباد سیاست نمائندہ محبوب خاں نے کہا جس پر عادل آباد ضلع کلکٹر نے اپنے وضاحتی بیان میں گاندھی ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ کی لاپرواہی ظاہر کیا اور کہا کہ حیدرآباد گاندھی ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے اطلاع حاصل ہوئی تو عادل آباد سے سواری کو روانہ کیا جاتا کہ ان پانچ افراد کو اپنے اپنے گھر پہنچایا جاتا تھا ۔ ضلع کلکٹر سری دیواسینا مستقر عادل آباد کے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں میڈیا سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے عادل آباد میں کورونا وائرس میں اضافہ پر اظہار تشویش کیا اور عادل آباد میں کرونا وائرس میں مبتلاء افراد کی تعداد 19 ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے عادل آباد کے افراد کو ہر وقت صابن سے ہاتھ دہونے ‘ آپسی دوریاں برقرار رکھنے کے علاوہ غیر ضروری گھر کے باہر نکلنے سے گریز کرنے کا انتباہ دیا ۔ کرونا وائرس میں مبتلاء افراد کی تعداد 15 سے زیادہ ہونے پر عادل آباد کی نشاندہی ریڈ زون کے طور پر کی جا رہی ہے ۔ عالمی جان لیوا خطرناک بیماری سے نجات پانے کی غرض سے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ آئندہ ماہ کی 7 تاریخ تک عادل آباد سے کورونا وائرس کے خاتمہ کے لئے ہر ایک کو متحد ہو کر جدوجہد کرنے پر زور دیا ۔ عادل آباد کے بلدیہ کے 19 وارڈز جن کا شمار ریڈ زون میں کیا جاتا ہے ان علاقہ جات میں عوام کی سہولت کی خاطر ہر ممکن کوششں کی جا رہی ہیں ۔ بینک عہدیداروں کی جانب سے گھر گھر 1500 روپئے فراہم کئے جا رہے ہیں ۔ ایڈیشنل کلکٹر شریمتی سندھیا رانی نے کہا کہ ایسے افراد جن کے پاس راشن کارڈز ‘ ادھار کارڈ ‘ بینک اکاؤنٹ نہیں ان افراد کی نشاندہی کی گئی ہے انہیں بھی حکومت کی جانب سے فراہم ہونے والے 12 کلو چاول اور 1500 روپئے نقد فراہم کئے جا رہے ہیں اس موقع پر ایڈیشنل ضلع کلکٹر مسٹر ایم ڈیوڈ ‘ ڈی پی آر او مسٹر اے بھیم کمار بھی موجود تھے ۔