عادل رشید پر 36 ہزار پاؤنڈز کا جرمانہ

   

لندن ۔21 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) بریڈ فورڈ کے کرکٹر عادل راشد کو ٹیکس میں ہیر پھیر کرنے پر 36 ہزار پاونڈ جرمانہ کیا گیا ہے۔ پاکستانی نژاد اور انگلینڈ کے لیے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے اسٹار کرکٹر عادل راشد کو ان لینڈ ریونیو نے ایک لاکھ پاونڈ سے زیادہ مالیت کا ٹیکس ادا کرنے میں ناکام ہونے کا مرتکب قرار دیا ہے۔ٹولر لین کے علاقے میں رہائش پذیر اور بریڈفورڈ میں پیدا ہونے والے کرکٹر نے 2013 سے 2017 تک چار سال کے دوران اپنے ٹیکس گوشواروں پر ڈیفالٹ کیا۔ انہیں حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایک لاکھ پاونڈ ٹیکس اور ساتھ ہی 36 ہزار پاونڈ بطور جرمانہ ادا کریں۔ ایچ ایم آر سی نے تازہ ترین ٹیکس چوری کرنے والوں کی فہرست میں عوامی طور پر نام لکھ کر ٹیکس نادہندگان کو شرمندہ کیا ہے۔ فہرست میں ریسٹورنٹ مالکان، بلڈرز اور کار سیلز مین بھی شامل ہیں۔ایچ ایم آر سی کے ترجمان نے کہا ہے کے زیادہ تر کاروباری افراد ٹیکس ادا کرتے ہیں، لیکن اس اقلیت کے لیے جو ادائیگی سے انکار کرتے ہیں، ایچ ایم آر سی کے پاس بہت سارے اوزار دستیاب ہیں۔