سی سی ایس ایل بی نگر کی کارروائی
حیدرآباد: ایل بی نگر کی سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے تین عادی رہزنوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 16 تولہ طلائی زیوارت، دو موٹرسائیکلیں جملہ مالیت 10 لاکھ 5 ہزار کی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ سی سی ایس ایل بی نگر کی ٹیم نے 28 سالہ وی پرکاش ساکن بالاپور، 28 سالہ آر وینکٹیش اور 27 سالہ ایم ومشی کرشنا عرف ببلو ساکنان ایس بی ایچ کالونی حیات نگر کو گرفتار کرلیا۔ اس ٹولی نے 11 وارداتیں انجام دی تھیں جن کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ ایل بی نگر زون میں 7، ملکاجگری زون میں 3 اور بھونگیر زون میں ایک وارداتیں انجام دی تھیں۔ ٹولی کا اصل سرغنہ شخص پرکاش جو پیشہ سے سڑک اور ڈرینج کے کاموں کا سیول کنٹراکٹر کے علاوہ ریئل اسٹیٹ کا کاروبار بھی کرتا تھا۔ اس دوران اس کی پہچان آر وینکٹیش سے ہوئی اور ان میں دوستی ہوگئی جس کے چند روز بعد ببلو بھی ان کا ساتھی بن گیا اور تینوں نے آسان طریقہ سے پیسے کمانے کا منصوبہ تیار کیا اور سنسان علاقہ میں خواتین کے گلے سے طلائی زیورات کو چھیننا شروع کردیا۔ یہ تینوں کالونیوں میں موٹرسیکلوں پر گھومتے ہوئے اور موقع کا فائدہ اٹھا کر تنہا خواتین کو نشانہ بناتے تھے اور ان کے گلے سے طلائی زیورات کا سرقہ کرکے فرار ہوا کرتے تھے۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔