حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے شہر کے ایک عادی رہزن کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے مسروقہ موبائیل فون ضبط کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 21 سالہ بی ریڈی ہرشت سائی ریڈی عرف سنی متوطن ضلع گنٹور آندھراپردیش ایک عادی رہزن ہے اور 18 سے زائد رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ جاریہ سال فروری میں چرلہ پلی جیل سے رہائی کے بعد وہ جیل کے ہی پٹرول پمپ پر ملازمت کر رہا تھا لیکن آمدنی کافی نہ ہونے کے نتیجہ میں اس نے دوبارہ رہزنی میں ملوث ہونے لگا اور راہ چلتے افراد کے موبائیل فون اڑالیا کرتا تھا۔ 17 نومبر کی شب مذکورہ رہزن ایک موٹر سیکل پر کارخانہ سکندرآباد پہنچا اور وہاں سے ایک شخص کا موبائیل فون اڑالیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ سال 2016 ء سے اب تک سائی ریڈی کشائی گوڑہ ، ملکاجگیری ، نریڈ میڈ علاقوں میں سرقہ کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے ۔ ٹاسک فورس پولیس نے سی سی ٹی وی کیمر وں کی مدد سے رہزن کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا اور کارخانہ پولیس کے حوالہ کردیا ۔
