عادی سارقین کی بدنام زمانہ ٹولی بے نقاب

   

نو لاکھ روپئے مالیتی اشیاء ضبط ، ڈی سی پی سنپریت سنگھ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /16 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) میرپیٹ پولیس نے عادی سارقین کی ایک بدنام زمانہ ٹولی کو بے نقاب کردیا جو مقفل مکان کو نشانہ بناتے تھے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر مسٹر سنپریت سنگھ نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ 6 رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کے قبضہ سے پولیس نے 120 گرام سونا 4 کیلو چاندی ، دو سونی ہائینڈکیمرے ، لیاب ٹاپ ، ایل ای ڈی دستی گھڑیاں اور 40 ہزار روپئے نقد رقم دو موٹر سائیکلیں جملہ مالیتی 9 لاکھ روپئے کی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ ڈی سی پی سنپریت سنگھ نے بتایا کہ 23 سالہ سلاوت سریش ساکن ایرہ گٹو تانڈہ نلگنڈہ 26 سالہ جتاوت سنتوش نائک ساکن رکھشاپورم چھتری ناکہ 29 سالہ کے رمیش ساکن چمپا پیٹ 22 سال سالہ نینادت ساکن جلیل گوڑہ 28 سالہ ارون کمار ساکن ا لماس گوڑہ اور 30 سالہ سرینو کو گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی کے مطابق اسلاوت سریش اور جنتاوت سنتوش نائیک خطرناک مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہیں ۔ سابق میں یہ عادی سارقین جیل کی سزا کاٹ چکے ہیں ۔باوجود ان کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جیل سے رہائی کے بعد انہوں نے دیگر چار سے ملاقات کی اور ایک منصوبہ تیار کرتے ہوئے ٹولی کی شکل اختیار کرلی ۔ رات دیر گئے کالونیوں میں گھومتے ہوئے بند مقفل مکانات کی نشاندہی کرتے تھے جس کے بعد دو ارکان عوام کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے دیگر کو آگاہ کرتے تھے ۔ لوہے کی سلاخوں سے مکانات کی قفل توڑکر الماریوں سے قیمتی طلائی زیورات اور الکٹرانک و دیگر اشیاء کا سرقہ کرلیا کرتے تھے ۔ اس ٹولی نے میر پیٹ ایل بی نگر ونستھلی پورم حیات نگر ، چتنیہ پوری ، سرور نگر کے علاوہ حیدرآباد کے سعیدآباد میں 17 سرقہ کی واردات انجام دئے ۔ پولیس نے اس ٹولی کو جیل منتقل کردیا ۔ اس موقع پر اے سی پی ونستھلی پورم مسٹر شنکر و دیگر موجود تھے ۔