ٹاسک فورس ایسٹ زون کی کارروائی ۔ انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔30 ۔ ستمبر ( سیاست نیوز) ٹاسک فورس نے دو عادی سارقین کی ٹولی کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور ان کے قبضہ سے لاکھوں روپئے مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسٹ زون ٹاسک فورس نے 39 سالہ ایم یوگیندر عرف یوگی ساکن سکندرآباد اور اس کے ساتھی 32 سالہ وی سرینواس چاری ساکن اپو گوڑہ کو گرفتار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوگیندر ٹولی کا سرغنہ ہے اور سابق میں 18 سے زائد سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔ 2015 ء میں اسے گاندھی نگر پولیس نے پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل بھیجا تھا اور جاریہ سال اگست میں وہ جیل سے رہا ئی کے بعد دوبارہ وارداتوں میں ملوث ہونے لگا ۔ انجنی کمار نے کہا کہ اس ٹولی کا ایک اور رکن سرینواس چاری بھی عادی سارق ہے اور وہ حیدرآباد ، سائبرآباد ، رچہ کنڈہ کے علاوہ ضلع کرشنا میں بھی سرقے کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگیندر اور سرینواس چاری کی ملاقات چنچل گوڑہ جیل میں ہوئی اور دونوں نے ٹولی کی شکل میں سرقہ کرنے کا سلسلہ شروع کیا ، 14 ستمبر کو عثمانیہ یونیورسٹی پولیس ا سٹیشن حدود میں ایک سرقہ کی واردات انجام دی تھی ۔ ایسٹ زون پولیس نے انہیں گرفتار کرکے 30 تولے زیورات اور 1.5 کیلو چاندی ضبط کرلی۔ انجنی کمار نے کہا کہ گرفتار ملزمین کے خلاف پھر ایک مرتبہ پی ڈی ایکٹ نافذ کیا جارہا ہے۔