حیدرآباد ۔ /21 اگست (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس کی نارتھ زون ٹیم نے ایک عادی رہزن کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ محمد فیصل ساکن حسن نگر راجندر نگر پیشہ سے آٹو ڈرائیور جو علاقہ سائبر آباد اور حیدرآباد کے مختلف مقامات پر موبائیل فون کی رہزنیوں کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ محمد فیصل گزشتہ کئی دنوں سے علاقہ بوئن پلی ، ملک پیٹ ، کوکٹ پلی میں قیمتی موبائیل فون کا سرقہ کیا تھا ۔ مسلسل وارداتوں میں ملوث ہونے کے نتیجہ میں پولیس نے اس پر دو مرتبہ پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے طویل عرصہ کیلئے جیل بھیج دیا تھا لیکن وہ اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا اور جیل سے رہائی کے بعد اپنے ایک ساتھی عبود بن حاجی کے ساتھ رہزنی میں ملوث ہونے لگا ۔ نارتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے فیصل کے قبضہ سے ایک خنجر ، چار موبائیل فون اور دیگر اشیاء ضبط کرتے ہوئے بوئن پلی پولیس کے حوالے کردیا ۔